بنگلورو،28؍مارچ(ایس او نیوز) کرناٹک کانگریس نے آج اعلان کیا ہے کہ آئندہ 12 مئی کو ہونے والے اسمبلی انتخابات کے لئے ان کی پارٹی تمام 224 حلقوں کے لئے امیدواروں کی فہرست ایک ہی مرحلہ میں 15 اپریل تک جاری کردے گی۔ کرناٹک پردیش کانگریس کمیٹی (اے آئی سی سی) کے صدر ڈاکٹر جی پرمیشور نے یہاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ تمام 224 حلقوں کے لئے ہم امیدواروں کے ناموں کا اعلان ایک ہی مرحلہ میں کریں گے ۔ حالانکہ انتخابات کی تاریخ کا اعلان ہوچکا ہے۔ اس لئے ہمیں جلد سے جلد امیدواروں کے ناموں کا اعلان کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے مزید کہاکہ پارٹی کی اسکریننگ کمیٹی کی میٹنگ کے بعد مرکزی انتخابی کمیٹی کی میٹنگ 9 اور 10 اپریل کو منعقد ہے ۔ اس کے بعد پارٹی کے تمام امیدواروں کی فہرست 15 اپریل تک جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مجوزہ اسمبلی انتخابات کی تیاری کے ایک حصہ کے طورپر وزیراعلیٰ سدارامیا اور پرمیشور مختلف اضلاع کے انچارج وزراء اور انتخابی منشور کمیٹی کے ساتھ مسلسل میٹنگ منعقد کررہے ہیں۔امیداروں کے انتخاب کی کارروائی کا طریقہ کار سمجھاتے ہوئے کے پی سی سی صدر نے کہاکہ پردیش الیکشن کمیٹی نے کئی اجلاس منعقد کرنے کے بعد چند فیصلے کئے ہیں۔ اس کی تفصیل دہلی میں مرکزی قیادت کے علم میں لائی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ اس کارروائی کے ایک حصہ کے طورپر وزیراعلیٰ اورانہوں نے خود آج ضلعی انچارج وزراء کے ساتھ تبادلۂ خیال کیا۔ ان کی رائے اکٹھا کی جارہی ہے جس سے امیدواروں کا انتخاب کرنے میں مدد ملے گی۔ پرمیشور نے مزید کہا کہ اس کارروائی کو جاری رکھتے ہوئے 9 اور 10 اپریل کو دہلی میں اسکریننگ کمیٹی کی میٹنگ منعقد ہوگی۔ رواں ماہ کے آغاز میں کانگریس صدر راہل گاندھی نے مجوزہ اسمبلی انتخابات کیلئے اسکریننگ کمیٹی قائم کی تھی ۔پارٹی کے سینئر لیڈر مدھو سدھن مستری کی قیادت میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ۔ اے آئی سی سی جنرل سکریٹری کے سی وینو گوپال ،ڈاکٹر جی پرمیشوراور سدارامیا اس کمیٹی میں ایکس افیشیواراکین ہیں۔ پرمیشور نے یہ بھی بتایا کہ پارٹی 40 اسٹار مہم کاروں کی فہرست کو حتمی شکل دینے کی کارروائی شروع کردی ہے ۔